8 مئی، 2023، 4:06 PM

بشار الاسد کی عرب لیگ میں تاریخی واپسی کے بعد متحدہ عرب امارات کے سربراہ سے ٹیلیفونک گفتگو

بشار الاسد کی عرب لیگ میں تاریخی واپسی کے بعد متحدہ عرب امارات کے سربراہ سے ٹیلیفونک گفتگو

شامی صدر بشار الاسد نے متحدہ عرب امارات کے سربراہ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے شام کی عرب لیگ میں شمولیت کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شامی ایوان صدر کے اطلاعاتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بشار الاسد نے شام کی عرب لیگ میں اپنی نشست پر دوبارہ واپسی کے بعد متحدہ عرب امارات کے سربراہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (SANA) نے اتوار کی شام اعلان کیا کہ اس ملک کے صدر نے متحدہ عرب امارات کے سربراہ شیخ محمد بن زائد آل نہیان سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے۔رپورٹ کے مطابق، بشار الاسد اور شیخ محمد بن زائد نے عرب دنیا میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

شامی صدر نے عرب ممالک کے مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے، عرب ممالک اور عوام کے مفادات کی خدمت کیلئے اتحاد کے قیام اور عرب تعلقات کو بہتر بنانے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کی قدر دانی کی۔گفتگو میں فریقین نے شام اور متحدہ عرب امارات کے مابین مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں مسلسل تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ یہ ٹیلیفونک گفتگو ایسے وقت ہوئی ہے جب اتوار کو عرب لیگ کے رکن ممالک نے شام کی لیگ میں واپسی کا اعلان کیا۔

News ID 1916346

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha